بھنشور (نمائندہ خصوصی) جونیئر عالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم نے چلی ہاکی ٹیم کے خلاف پریکٹس میچ 0-3 گول سے جیت لیا، بھارت کے شہر بھوبنیشور میں کھیلے جانے والے اس پریکٹس میچ میں پاکستان کی جانب سے کپتان رانا وحید، عبدالحنان اور معین شکیل نے گول اسکور کیے۔ پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم نے پینلٹی کارنر پر ایک گول اور دو فیلڈ گول اسکور کیے، پریکٹس میچ کے اختتام پر پینلٹی شوٹ آؤٹس کے دو سیشن بھی منعقد ہوئے۔جس میں پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم نے بہتر پرفارم کرتے ہوئے دونوں سیشن جیت لیے پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم نے چلی ہاکی ٹیم کو پینلٹی شوٹ آؤٹس سیشن میں 1-4 اور 2 -5 گول سے شکست دی۔ ان پریکٹس میچز سیشن کو آف کیمرہ رکھا گیا ہے جبکہ پاکستان جونیئر ہاکی سکواڈ کل کینیڈا کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گا۔ایف آئی ایچ عالمی جونیئر ہاکی کپ جو کہبھارت کے شہر بھوبنیشور میں 24 نومبر تا 5 دسمبر کھیلا جائیگا اس میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو 11:30 بجے دن بمطابق پاکستان ٹائم کھیلے گی۔

