English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومتی مایوس کن کارکردگی کے تناظر میں الیکشن لازمی ہیں،اسد اللہ بھٹو

القمر

سکھر( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ، سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومتی مایوس کن کارکردگی کے تناظر میں اب ان ہاؤس تبدیلی یا نئے الیکشن لازمی ہو چکے ہیں، عوام اب نئے انتخابات چاہتے ہیں، جماعت اسلامی ملک میں نئے عام انتخابات کے حق میں ہے، عوام کے پاس نئے مینڈیٹ کیلیے جانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں سینئر صحافی آصف ظہیر خان لودھی سے ان کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جماعت اسلامی کے صوبائی اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکھر و بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کیخلاف بھرپور طور پر تحریک کا آغا ز کر دیا ہے،یہ تحریک نتیجہ خیز ثابت ہو گی جو حکومت کے خاتمہ پر منتج ہو گی۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ مہنگائی بیروزگاری کے حوالے سے حکومت کے خلاف عوام میں بھی سخت رد عمل پایا جاتا ہے اور سخت عوامی تنقید ہو رہی ہے، خود حکومتی پارٹی ورکرز بھی مخمصہ کا شکار ہیں اور عوام کو جواب نہیں دے پا رہے ہیں،حکومت اپنے اقتدار کو بچانے اور مغربی قوتو ں کو راضی رکھنے کیلیے ایسے کام کر رہی ہے تاکہ تاثر دیا جا سکے کہ ہم آپ کیلیے کام کر رہے ہیں، جس کے باعث حکومتی جماعت کی پوزیشن زیادہ خراب ہو گئی ہے، اس طرح حکومت بچ نہیں سکے گی، عوام اب حکومت سے چھٹکارہ چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم اتحادی سیاست کے ذریعہ تحریک نہیں چلانا چاہتے، کیونکہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں میں بھی یہی کچھ ہوتا رہا ہے، جو اب موجودہ حکومت کر رہی ہے، دونوں پیشرو جماعتوں کی حکومتوں میں بھی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے کہنے پر اسی طرح کے حکومتی اقدامات ہوتے رہے اور مہنگائی، بیروزگاری بد امنی بڑھتی رہی ہے، اگر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوئے تو ان کے بارے میں جوابدہی کرنا مشکل ہو گا۔اسداللہ بھٹو نے کہاکہ جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کیخلاف تحریک کا آغاز کر دیا ہے، جلوس جلسے احتجاجی مظاہرے اسی تحریک کا حصہ ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے