دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام پراسرائیل کے فضائی حملے میں2 شہری شہید ہوگئے۔ خبررساں ادارے کے مطابق وسطی شام میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ، جس کے نتیجے میں 2شہری ہلاک اور6فوجیوں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی بمباری سے کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ شامی فضائی دفاعی نظام نے حمص شہر پر کیے جانے والے حملے کو روکنے کی کوشش کی،تاہم اس میں کامیابی نہ ملی۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان کے قریب فضائی حدود سے پرواز کرتے ہوئے میزائل داغے ۔ دوسری جانب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ منگل کی شب شام سے ایک طیارہ شکن میزائل داغا گیا، جو اسرائیل کے علاقے حیفا میں بحیرہ روم کے ساحل کے اوپر پھٹا۔ اسرائیلی چینل 12 کے مطابق اسدی فوج کی جانب سے داغا جانے والا ایک میزائل نشانہ چوک گیا ۔ اس کے ٹکڑے سمندر میں گرے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے میزائل پر نظر رکھی ، تاہم اس کو روکنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا کیوں کہ اس سے شہریوں کو کوئی خطرہ نہ تھا۔ اسرائیلی چینل نے بتایا کہ میزائلایس اے 5 نوعیت کا تھا اور یہ بلندیوں پر خود کار تباہ کن نظام رکھتا ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس سلسلے میں تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے شام میں حملے معمول ہیں اور عام طور پر اسرائیلی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا جاتا نہ کارروائی کی تصدیق کی جاتی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیراعظم اور روسی صدر کے درمیان ملاقات کے دوران پیوٹن نے مطالبہ کیا تھا کہ اسرائیلی فوج کارروائیوں میں روسی اڈوں کو نشانہ نہ بنائے۔ انہوںنے ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کو شام میں مطلوبہ اہداف پر کارروائی کی کھلی چھوٹ دے دی تھے،جس کے بعد سے صہیونی طیاروں کی جانب سے حملوں میں تیزی آگئی ہے۔ اسرائیلی کارروائیوں میں عموما ً ایران نواز ملیشیاؤں کے اڈے اور جنگجو ہوتے ہیں۔ خانہ جنگی کے شکار ملک میں پہلے ہی بشارالاسد کی خون ریزی کے باعث لاکھوں کی تعداد میں شامی شہری ہجرت پر مجبور ہیں۔
شام پر اسرائیلی بمباری سے 2 شہری شہید ، 7 افراد زخمی
القمر
