ٹم پین کی جگہ پیٹ کمنز کو آسٹریلوی ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا گیا، اسٹیو اسمتھ ان کے نائب ہوں گے ۔پیٹ کمنز 65سال کے عرصے میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے پہلے کپتان ہیں جو فاسٹ بولر ہیں۔اس سے قبل رے لنڈوال نے 1956میں ایک ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیے تھے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز نے کپتانی کی ذمہ داری ملنے کو اعزاز قرار دیاہے، پیٹ کمنز کا کہناہے کہ ٹم پین نے بطور لیڈر جس طرح ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیاہے، ان کی بھی کوشش ہوگی کہ فتوحات کے یہ تسلسل قائم رکھ کر ملک کا نام کھیل میں مزید اونچا کریں۔ اسٹیو اسمتھ اور ان جیسے دوسرے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مشاورت سے اس ذمہ داری کو اچھے انداز میں نبھانے کی کوشش ہوگی۔دوسری جانب اسٹیو اسمتھ نے بھی نائب کپتان بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیٹ کمنز کی بھرپور معاونت کا عزم ظاہر کیاہے۔

