چٹاکانگ: بنگلہ دیش نے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹ کے نقصان پر 253 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ میں کھیلا جارہا ہے، بنگلادیش کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا ہے، کپتان بابراعظم نے عبداللہ شفیق کو گرین کیپ دی۔
بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کا آغاز شادمان اسلام اور سیف حسن نے کیا تاہم دونوں اوپنرز 14،14 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، جس کے بعد تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والے کھلاڑی بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے، بنگلا دیش کے کپتان مومن الحق نے 6 رنز بنائے جبکہ نجم الحسن شنٹو نے 14 رنز بنائے۔
49 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد لٹن داس اور مشفیق الرحیم نے ٹیم کو سنبھالا اور اسکور آگے بڑھایا۔ دونوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی، اس دوران لٹن داس نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی جبکہ مشفیق الرحیم نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور بنگلا دیش نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا لیے ہیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

