حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت حیدرآباد سمیت سندھ کے تعمیروترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سائٹ ایریا حیدرآباد سمیت دیگر شہری علاقوں میں نکاسی و فراہمی آب سمیت دیگر تعمیراتی کام کرائے جارہے ہیں اور بڑی تعداد میں اسکیموں پر کام جاری ہے۔ اس کا مقصد شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں پیپلزپارٹی اب تیزی سے مقبول ہوتی جارہی ہے ۔ مختلف زبان بولنے والے افراد پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے جو کردار ادا کررہی ہے اس سے حیدرآبا دکے شہریوں کو بھی اب یقین ہوگیا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی ان کے مسائل حل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چند روز میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی حیدرآباد سے بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اب تک کس طرح انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیوقوف بنایا جاتا رہا ہے اور ان کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والے ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے۔
