لبنان کے جنوب میں واقع فلسطینی مہاجر کیمپ میں اچانک تباہ کن آگ بھڑک اٹھی جسکے نتیجے میں 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے .
لبنانی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ العربیہ / الحدث کے نمائندے کا کہنا ہے کہ حادثے میں 13 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
کیمپ میں رہائش پذیر افراد کے مطابق یہ زور دار دھماکا صور شہر کے قریب برج الشمالی کیمپ میں حماس کے زیر انتظام ایک مسجد کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے ساتھ ہی جائے مقام پر خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔
دوسری جانب عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ بھڑکنے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں جبکہ عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی دہشت گردی کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا.
کیمپ کے ایک ذمے دار نے گودام میں گولہ بارود ہونے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گودام میں گیس کی بوتلیں اور آکسیجن سلنڈر موجود تھے۔
دھماکے کے بعد جائے مقام سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھنا شروع ہو گئے۔ ایمبولینسز کیمپ میں پہنچ گئیں جب کہ لبنانی فوج نے کیمپ کو گھیرے میں لے لیا۔مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا۔
فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے واقعے پر سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ متعدد فلسطینی مسلح گروپ لبنان میں 10 کے قریب پناہ گزین کیمپوں پر عملی کنٹرول رکھتے ہیں۔ ان گروپوں میں حماس اور فتح موومنٹ شامل ہے۔ لبنانی حکام کا مذکورہ کیمپوں میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

