English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاک ویسٹ انڈیز سیریز سکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی

کراچی : نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز سے قبل گرائونڈ اسٹاف پچز کی تیاری میں مصروف ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس کے سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 13 دسمبر 2021 سے شروع ہونے والے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے میچز کے سلسلے میں فول پروف سیکورٹی پلان تیار کر لیا۔اس سلسلے میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی زیر صدارت ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر، ڈی آئی جی ساتھ شرجیل کھرل، پاک آرمی کے کرنل شکرزئی، سندھ رینجرز کے کرنل توقیر، کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، ایس پی مددگار 15 توحید رحمان میمن، ایس پی ایس ایس یو ارم اعوان، پاک فوج کے حکام، رینجرز اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔کراچی پولیس کے 4550اہلکاربشمول 1000 ایس ایس یو کمانڈوز،606سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار، ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ، آر آر ایف اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گرائونڈز پر سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم میں خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی جو میچ کے دوران اسٹیڈیم کے گردونواح میں امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھے گی۔اس موقع پرڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے کہا کہ روٹس اور نیشنل اسٹیڈیم کے نواحی علاقوں میں حساس مقامات پر تعینات شارپ شوٹرز کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اعلی تربیت یافتہ اورجدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم کو بھی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ایونٹ شروع ہونے سے قبل امروز سیکیورٹی انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل بھی کی جائے گی۔تماشائیوں کو خصوصی شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے پارکنگ پوائنٹس تک پہنچایا جائے گا۔تماشائیوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریک سوٹ میں ملبوس SSU کمانڈوز پارکنگ پوائنٹس سے لے کر انکلوژر تک ان کی مکمل رہنمائی اور مدد کریں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے