ڈھاکا(نمائندہ خصوصی)قومی ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے ڈھاکا پہنچ گئی۔ سنیئر گول کیپرز امجد علی اور مظہر عباس کے ویزے تاحال موصول نہ ہوسکے تاہم ان کے ویزے 12 دسمبر بروز اتوار تک متوقع ہیں۔ ویزے موصول ہوتے ہی گول کیپرز بھی ڈھاکا کے لیے روانہ ہو جائیں گے ۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا ہے کہ بروقت پہنچنے پر سنیئر گول کیپرز ایونٹ میں قومی ہاکی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ایشیا کی 6 بہترین ٹیمیں شریک ہیں جس میں مشترکہ دفاعی چیمپئنزپاکستان اور بھارت سمیت کوریا، جاپان، ملائیشیا اور میزبان بنگلا دیش شامل ہیں۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی14 تا 22 دسمبر تک بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں کھیلی جائے گی۔ ایونٹ رائونڈ رابن لیگ طرز پر کھیلا جائے گا۔

