کراچی (اسٹاف رپورٹر) رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے متنازع بلدیاتی بل منظور کراکے ایک مرتبہ پھر جمہوری اقدار کا مذاق اڑایاہے،ہم اس کالے قانون کو مسترد کرتے ہیں ۔ گزشتہ روزسندھ اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کے بعد میڈیا کارنر پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے سید عبدالرشید نے کہاکہ سندھ اسمبلی کے اجلاس کا آمرانہ سوچ اور رویے پر بائیکاٹ کیا ہے‘نئے بلدیاتی نظام پر گورنر سندھ کی ایڈوائس کے باوجود اسپیشل کمیٹی نہیں بنائی گئی،تمام آمدنی والے بلدیاتی اداروں پر سندھ حکومت
نے ترمیم کرکے قبضہ کرلیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دینے اور براہ راست مئیر کے انتخاب کی تجویز سندھ حکومت نے رد کرکے کراچی دشمنی کا ثبوت دیا، کراچی کو حق نہیں لیکن پیپلز پارٹی کو شاید خواجہ سرا کونسلرز مل جائیں گے،جو لوگ معذوروں کی نوکری کا کوٹا کھا جاتے ہیں وہ انہیں اختیار کیسے دیںگے، عوامی احتجاج اور قانونی راستہ اختیار کریںگے۔
