کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تدارک کے حکومتی اقدامات کے تحت محکمہ داخلہ سندھ نے این سی او سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے سندھ میں وبائی امراض ایکٹ کے تحت نئی پابندیاں نافذ کردی ہیں جبکہ ملک میں کورونا سے مزید4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 24گھنٹوں میں مزید370نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ داخلہ سندھ کے حکمنامے کے مطابق صرف ویکسینٹڈ افراد کو تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی، شادی ہالز، شاپنگ مالز اور ہوٹلز میں صرف ویکسینٹد افراد کو داخلے کی اجازت دی جائے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کراچی، سانگھڑ،سکھر میں اندرونی تقریبات میں 500 افراد کو شرکت کی اجازت جبکہ بیرونی تقریبات میں ایک ہزار افراد شرکت کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں سی کیٹگری میں شامل دیگر اضلاع میں اجتماعات میں انڈور 300 اورآؤٹ ڈورایک ہزارافراد کی اجازت ہوگی۔ بی کیٹگری میں شامل اضلاع میں انڈورڈائننگ میں 70 فیصد گنجائش کے ساتھ اجازت ہوگی جبکہ دیگراضلاع میں50 فیصد گنجائش کے ساتھ اجازت دی گئی ہے۔صوبے میں آؤٹ ڈورڈائننگ کی اجازت رات 12 بجے تک ہو گی جب کہ بی کیٹگری میں شامل اضلاع میں شادیوں کی انڈوراجازت 500 افراد کی ہو گی، آؤٹ ڈورایک ہزار افراد شریک ہو سکیں گے اور کاروباری اوقات رات 10 بجے تک رہیں گے جب کہ تمام تعلیمی ادارے بدستور 100 فیصد حاضری کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق 12سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کو کورونا ویکسین لگوانا ہو گی۔ مزارات ویکسینیٹڈ افراد کے لیے کھلے رہیں گے۔ سیاحت، تفریحی پارکس، سوئمنگ پولز اور فلائٹ میں سفر کورونا ویکسین سے مشروط ہوگا تاہم سی کیٹگری میں شامل اضلاع کے ہوٹلز میں 50 فیصد نشستیں خالی رکھنے کی پابندی عائد ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہناہے کہ کراچی ڈویڑن میں ان ڈور ڈائننگ کے لئے 70 فیصد کی اجازت ہوگی جبکہ سندھ بھر میں سینما 25 گھنٹے، کاروباری مراکز رات دس بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی جبکہ لاڑکانہ، میرپورخاص، حیدر آباد ڈویڑن، خیرپور اور گھوٹکی میں 300 افراد سے زائد کے شادی بیاہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے ملک میں پہلے کیس کی تصدیق ہو چکی ہے،متاثرہ مریضہ کراچی میں صحتیاب بھی ہو چکی ہیں۔علاوہ ازیں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کوروناوائرس کے مزید4مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد28843تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوروناوائرس کے370نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ملک میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد9292تک پہنچ گئی ہے۔
