میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) مدرسہ جامعہ محی الاسلام صدیقیہ میں ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل منعقد ہوئی۔ تقریب سے مدرسہ کے بانی خلیفہ حضرت علامہ مولانا مشتاق احمد نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعوتِ تبلیغ کا کام صوفیاء کرام کر گئے جو ظالم اور جابر حکمرانوں کے سامنے بھی ڈٹے رہتے تھے اور اولیاء کرام نے بھی اس وقت کہ ظالم حکمرانوں اور تاتاریوں کو بڑی حکمت عملی سے جوابات دے کر اپنے معتقدین میں شامل کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے پوری دنیا کے مسلمانوں میں بھائی چارگی کا درس دیا کہ ساری دنیا کے مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے مہاجرین اور انصار میں بھائی چارگی کی فضاء قائم کی تاکہ رہتی دنیا تک یہ مثال زندہ رہے ،لیکن آج ہمارے حکمران کس غفلت میں ہیں؟ فلسطین مقبوضہ کشمیر ودیگر دنیا کے مسلم ملکوں پر یہود و نصارا ظلم و ستم کر رہے ہیں مگر مسلم حکمران خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
