اسلام آباد (صباح نیوز) بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے33پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے)نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کردی،جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں4 روپے33پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے اور نیپرا کی منظوری کی صورت میں صارفین پر 40ارب روپے سے زاید کا بوجھ پڑے گا۔سی پی پی اے کی درخواست پر نیپر29دسمبر کو سماعت کرے گا، قیمتوں میں اضافے کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے،جس میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں8ارب24کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی،گزشتہ ماہ بجلی کی پیدواری لاگت66ارب رہی،ڈیزل سے27روپے20پیسے فی یونٹ تک مہنگی ترین بجلی پیدا ہوئی،فرنس آئل سے20روپے 27پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت17روپے26پیسے رہی، ایران سے13روپے35پیسے فی یونٹ پر بجلی امپورٹ کی گئی جب کہ20پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔

