سڈنی : آسٹریلیا میں طیارے کا انجن فیل ہونے کے باعث سمندر میں جاگرا،جس کے نتیجے میں 2افراد ہلاک ہوگئے، کوسٹ گارڈ اور پولیس کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست کوئینسلینڈ کے شہر ریڈ کلف ایئرپورٹ سے ایک چھوٹے طیارے نے گذشتہ روز 9بجے پرواز بھری تا ہم ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد طیارے کا انجن فیل ہو گیا۔
69 سالہ تجربہ کار پائلٹ نے طیارے کو واپس ایئر پورٹ پر موڑنے کی کوشش کی مگر بدقسمت طیارہ سمندر میں گر گیا،اس افسوسناک حادثے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔پولیس کے مطابق طیارہ صبح تقریباً 10:9بجے (AEST) پر گرا جبکہ اس حادثے کے فوری بعد کوسٹ گارڈ اور پولیس کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں لگ گیا۔
ریڈکلف ہوائی اڈے پر متعدد ایمبولینسیز پہنچا دی گئی ہیں جبکہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے ایک ملٹی ایجنسی آپریشن جاری ہے، جس میں کوئنز لینڈ واٹر پولیس افسران اور غوطہ خور، فرانزک کریش یونٹ اور آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو شامل ہیں۔

