
کامن ویلتھ گیمز کا میزبان ہوگا، خصوصی تقریب میں اولمپک یادگار کو اسکول میں رکھا جارہاہے
کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کامن ویلتھ گیمز 2022 کی کوئینز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، بیٹن ریلے کی آمد کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے، اگلے سال برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کی کوینز بیٹن ریلے 27 دسمبر کو کراچی پہنچے گی، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے میزبان شہر کے ساتھ ملکر کوئینز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، کوئینز بیٹن ریلے 72 کامن ویلتھ ممالک میں سے 32 ویں ملک پاکستان پہنچ رہی ہے، بیٹن ریلے کے کراچی پہنچنے پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور صدر کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن، سیکرٹری کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن خالد محمود کوئینز بیٹن ریلے اور اس کے آفیشلز کو خوش آمدید کہیں گے، بیٹن ریلے پاکستان میں قیام کے دوران برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی، مدرستہ اسلام یونیورسٹی کراچی، مزار قائد اعظم کراچی، گرامرا سکول اور مولانا محمد علی جوہر پارک میں مختلف تقاریب کے ذریعے لوگوں اور طلبہ میں اسے متعارف کرایا جائے گا، پی او اے اعلامیے کے مطابق اسکواڈ کے عالمی چمپئن جہانگیر خان اور ورلڈ بیچ ریسلنگ چمپئن اور کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ انعام بٹ کوئینز بیٹن ریلے تھام کر مارچ کرینگے، واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2022 کی کوئینز بیٹن ریلے کے سفر کا آغاز 7 اکتوبر 2021 سے ہوا ہے۔ اور اب تک 31 ممالک کا سفر مکمل کر چکی ہے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے فاطمہ لاکھانی کو کوئینز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد پر چیئرپرسن آرگنائزنگ کمیٹی مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان کوئینز بیٹن کے یادگاری سفر پر اس کا حصہ ہے، جس کے ذریعے پاکستان کا حسن کامن ویلتھ ممالک کے لوگوں تو پہنچایا جا سکے گا، صدر کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ ہم سب کو اس بات کا شدت سے انتظار ہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2022ء کی بیٹن ریلے پاکستان پہنچے، ہر کوئی بیٹن کی آمد پر خوش ہے، کامن ویلتھ گیمز کی کوئینز بیٹن ریلے 72 ممالک کا ایک لاکھ 40 ہزار کلو میٹر کا سفر طے کرے گی۔
