English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان رہی سہی عزت کو بچا کر مستعفی ہوجائیں ، مریم نواز

اسلام آباد:ـ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پیشی کے بعد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں

اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان ہے، عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے مستعفی ہوجائیں ،ان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی،شہباز شریف کے ساتھ باپ بیٹی والا رشتہ ہے ،میرے سمیت سب کو خوشی ہوگی کہ ہم شہباز شریف کی قیادت میں آگے بڑھیں،پارٹی میں وزیراعظم کے امیداوار کے فیصلے کااختیار نوازشریف کے پاس ہے،وقت پر ہی تمام فیصلے سامنے آئیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کی اپیلوں کی سماعت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعاکرتاتھا آج التوا مانگ رہاہے اور پراسیکوٹر نے کہا ہے کہ پراسیکوٹر کی طبیعت ناساز ہے۔خیبر پختونخواکے بلدیا تی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا
نشان ہے، میرا خیال ہے اب تو کوئی پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا نہیں رہے گا، مشورہ ہے پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والے ہیلمٹ پہن کے عوام کے پاس جائیں۔پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال ،پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے، عوام کی جان چھوڑ دیں اور مستعفی ہوجائیں، عمران خان پر اس سے بھی زیادہ برا وقت آنے والا ہے، تھوڑی بہت رہی سہی عزت کو بچا کر خدا حافظ کہیں، اعتراف کریں میں ناکام ہوگیا مجھ سے ملک اب نہیں چل رہا، تھوڑی سی بھی عزت والا شخص ہوتا تو خدا حافظ کہہ کر چلاجاتا۔ عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی، وہ اپنے بوجھ تلے خود دب گئے، ان کے لیے اب بچنے کا کوئی راستہ نہیں، عمران خان مان لیں ان سے حکومت نہیں چلتی، کہتے تھے کے پی تحریک انصاف کاگڑھ ہے وہاں سے بھی بے عزتی ہوئی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے