انقرہ(انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کی پولیس نے شامی شہری کو جعلی پاسپورٹ پر امریکی ویزافروخت کرنے کے الزام میں لبنان میں تعینات امریکی سفارت کار کو حراست میں لے لیا ۔ خبر رساں ادارے کے مطابق استنبول ائرپورٹ پر ایک شامی شہری نے جرمنی جانے کے لیے کسی دوسرے شخص کا پاسپورٹ استعمال کرنے کی کوشش کی،جس پر سیکورٹی اہل کاروں نے اسے گرفتار کرلیا۔ ائرپورٹ سے گرفتار ہونے والے شخص نے بتایا کہ یہ ویزا ایک امریکی سفارت کار نے لگوایا اور پاسپورٹ بھی اسی کا ہے ، جس کے لیے سفارت کار کو 10 ہزار ڈالر کی رشوت بھی دی گئی۔ائرپورٹ سے حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2شخص ائرپورٹ پر ملے اور انہوں نے کپڑوں سمیت دیگر چیزوں کا تبادلہ کیا۔ اس دوران امریکی شہری نے شامی شہری کو پاسپورٹ اور ویزا بھی دیا ۔ تُرک پولیس نے زیر حراست شامی شہری کے بیان پر کارروائی کرتے ہوئے لبنان میں تعینات امریکی سفارت کار کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے جال بچھایا ، جس میں وہ پھنس گیا اور اس کے پاس سے رشوت کی رقم برآمد کرلی گئی۔شامی شہری کو دھوکادہی کے الزام میں تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا ، تاہم امریکی سفارت کار کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
