English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈالرز کی کمی کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، وزیر اعظم

لاہور: وزیراعظم عمران خان شیخ ابوالحسن شازلی سینٹر فار صوفی ازم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ڈالرز کی کمی کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، چیزیں درآمد کرتے ہیں تو مہنگائی ہوتی ہے، ملکی برآمدات بڑھنے تک خوشحالی نہیں آئے گی،ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھل جاتے ہیں توپھر ڈالراوپرچلاجاتاہے۔انہوں نے جمعرات کواسپیشل ٹیکنالوجی زون ٹیکناپولس کا افتتاح کیا اور اس موقع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس پروجیکٹکے لیے 800 ایکڑ ویران زمین استعمال کی جو ہمارا مستقبل ہے، ہمارے مقابلے میں بھارت 150 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے، ٹیکنالوجی سے متعلق پاکستان کی برآمدات ایک ارب ڈالرکی ہیں، قابل افسوس ہم ٹیکنالوجی کے میدان میں پیچھے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون سے اس علاقے میں ترقی ہوگی، پاکستان آئی ٹی انقلاب کے لیے آئیڈیل ملک ہے، آئی ٹی انقلاب سے ہم تیزی سے ترقی کریں گے کیونکہ ہماری 22 کروڑ کی آبادی میں 60 فیصد نوجوان ہیں، ٹیکنالوجی زون سے نوجوانوں کونوکریاں دینے میں مدد
ملے گی جب کہ گھر بیٹھے خواتین کو بھی روزگار ملے گا۔وزیراعظم کے بقول ہماری برآمدات کم ہیں جس کے باعث معاشی مشکلات ہوتی ہیں، چین نے اپنی ٹیکنالوجی برآمدات کو بڑھایا ہے جس وجہ سے چین سپر پاور بننے لگاہے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بڑھتی ہے تو ڈالرکی کمی ہوجاتی ہے،روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ 2 بڑے مسائل ہیں، ماضی میں برآمدات پر توجہ نہیں دی گئی۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ کرپشن سے ملکی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور معاشی کمزوریاں پیداہوتی ہیں، اس لیے چین نے پہلے پلاننگ کرکے کرپشن کو ختم کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کے سینئرر ہنمائوں کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میںگورنرپنجاب چودھری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چودھری ،شفقت محمود، معاون خصوصی شہبازگل نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کروں گا، ابھی سے تیاری کرنی ہوگی،کارکنوں، مقامی رہنمائوں کو اعتماد میں لے کر امیدوار منتخب کیے جائیں اور پی ٹی آئی ورکرز ، عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے،ہوم ورک جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مسائل نچلی سطح پرحل کرنے کے لیے بلدیاتی اداروں کواختیارات دینا ہوں گے۔ مزید برآں وزیراعظم نے آبی تنازع پر سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔دورہ لاہور کے دوران عمران خان سے وزیر آبپاشی محسن لغاری نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے