English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نوازشریف کی سزا ختم کرنی ہے تو جیلیں کھول دیں،وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی اور کم آمدنی والے تنخواہ دار طبقے کو پہلی مرتبہ اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کررہے ہیں، ہم سے پہلے کسی حکومت نے غریب طبقے کیلیے نہیں سوچا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے سے متعلق اعدادوشمار سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ولیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے، تحریک انصاف کے پی کے میں ووٹوں کے تناسب سے مقبول اور بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشیاں منانا حیران کن ہے، کے پی میں تحریک انصاف کو ووٹ زیادہ پڑا ہے لہٰذا اس کو اجاگر کیا جائے، تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، نواز شریف آج تک منی ٹریل بھی نہیں دے سکے،یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے، نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، پاناما میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے نااہل کیا، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں، چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں اور بڑے چوروں کے لیے راستے نکالے جانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔علاوہ ازیں میرا گھر ہاؤسنگ قرضہ اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی حکومت نے غریب طبقے کے لیے گھر بنانے کا نہیں سوچا اب عام آدمی بھی قسطوں پر اپنا گھر لے سکتا ہے، جیسے جیسے معیشت بڑھے گی سبسڈی میں بھی اضافہ کریں گے ،تاریخ میں پہلی بار ہم یکساں نصاب کی طرف جا رہے ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام ملک کو اوپر لے کر جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ اپنا ذاتی گھر نہیں خرید سکتا اور ہم سوچتے تھے کہ کیسے غریب آدمی کو اپنا گھر دیا جائے جبکہ اوورسیز پاکستانی کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان میں ان کا اپنا گھر ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں صرف ایلیٹ کلاس کا سوچتی ہیں ، کسی حکومت نے غریب طبقے کے لیے گھر بنانے کا نہیں سوچا لیکن اب عام آدمی بھی قسطوں پر اپنا گھر لے سکتا ہے لیکن یہ پاکستان میں بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سپر پاور اس لیے بنا کیوں کہ انہوں نے نچلے طبقے کا سوچا لیکن ہمارے ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ حکومتیں عام لوگوں کا سوچتی ہی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں تنخواہ دار طبقے کو ہر بینک گھر بنانے کے لیے قرضہ دیتا ہے اور ہمارے ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ حکومتیں عام لوگوں کا سوچتی ہی نہیں ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار ہم یکساں نصاب کی طرف جا رہے ہیں۔ مزید برآں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) کے سیکرٹری جنرل مسٹرایسالا رووان ویراکون نے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے قصورواروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہرضروری اقدامات اٹھائے ہیں۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سیالکوٹ واقعہ کی شدید مذمت، پریانتھا کمارا کی موت پرتعزیت کا اظہارکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسی پرتشدد کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔ وزیراعظم نے سارک چارٹرمیں شامل باہمی اہداف اورمقاصد کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سارک اقتصادی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کر سکتا ہے۔ سازگارماحول جنوبی ایشیا کے لوگوں کے معیار زندگی کو بدل سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے