اسلام آباد(جسارت نیوز)معاونِ خصوصی برائے اْمورِ نوجوانان عثمان ڈار سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپین آصف باجوہ کی وزیراعظم آفس میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر عثمان ڈار نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کامیاب جوان پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے کے لئے چار ارب روپے کے 4 نئے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ نوجوانوں کی کھیل کے میدان میں صلاحیتوں اور لگن کو سمجھتے ہوئے کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ اورا سپورٹس اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کھیلوں کے فروغ کیلیے شروع کیے گئے منصوبے انتہائی خوش آئند ہے۔

