کراچی (سید وزیر علی قادری)امریکا میں قائم گلوبل اسپورٹس نے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ناصر شاہ کو پہلے سی بی ایف ایوارڈ سے نواز دیا۔ کراچی میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان تھے۔ ناصر علی شاہ مختلف موقعوں پر یو بی ایل، پاک پی ڈبلیو ڈی اور کراچی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے۔ کراچی جمخانہ میں انہیں گلوبل اسپورٹس کی جانب سے 5لاکھ روپے کا چیک بھی حوالے کیا گیا۔ یونس خان نے خطاب میں کہا کہ یہ بہت احسن اور بہترین اقدام ہے جو اپنے اسٹارز کو ان کی اپنے وقت کی کارکردگی اور ملک کی نمائندگی کرنے پر گلوبل اسپورٹس یو ایس اے نے ایسی روایت کو جنم دیا۔ تقریب کے روح رواں نامور کوائلی فائیڈکوچ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولر جلال الدین تھے۔ اس موقع پر انوار الحق، نعیم الحق، وقار حسین اور ظفر احمد بھی موجود تھے۔ تقریب میں ڈائی ورسٹی کپ ٹورنامنٹ کے روح رواں شاہد احمد اور ڈاکٹر شوکت راشد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی کاوشوں سے امریکا میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ اس موقع پر 17ویں ڈائی ورسٹی کپ ٹورنامنٹ کے 2022کے لیے بھی شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ٹورنامنٹ ڈیٹ رائٹ ، مشنگن میں پہلی ، دوسری اور تیسری جولائی کو کھیلا جائے گا۔دریں اثنا کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر پروفیسر سید سراج الاسلام بخاری، کے سی سی اے زون ایک کے سابق سیکریٹری سید منیر علی قادری اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین سید عاصم علی قادری نے ناصر شاہ کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

