English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت سے پہلے ٹیسٹ میں شکست، ڈی کوک نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا یہ اعلان اچانک اس وقت سامنے آیا جب جنوبی افریقہ کو اپنی سرزمین پر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈی کوک نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ وہ اپنے فیملی کو ٹائم دینا چاہتے ہیں۔ لیکن وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔

جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ڈی کوک کے ریٹائرمنٹ کا بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز کی ریٹائرمنٹ کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور وہ بھارت کے خلاف جاری سیریز کے مزید دو ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔

ڈی کوک 54 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ اپنے ٹیسٹ کریئر میں چھ سینچریوں اور 22 نصف سینچریوں کی مدد سے 38 اعشاریہ آٹھ دو کی اوسط کے ساتھ 3300 رنز بنا چکے ہیں۔

ڈی کوک نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنی ٹیسٹ کریئر کی پہلی سینچری 2016 میں انگلیںڈ کے خلاف اس وقت بنائی تھی جب انہیں ساتویں نمبر پر بیٹںگ کا موقع ملا اور انہوں نے 129 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 280 رنز سے شکست دی تھی۔​

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے سال 2021 میں ڈی کوک کو ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا قائم مقام کپتان بھی مقرر کیا تھا۔ ان کی قیادت میں پروٹیز نے چار ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں کامیابی و ناکامی کا تناسب برابر رہا۔

ڈی کوک کی قیادت میں پروٹیز نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی لیکن پاکستان کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈی کوک کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا ان کے لیے آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن ان کے نزدیک سب سے پہلے فیملی ہے اور عنقریب ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد بھی ہونے والی ہے۔

ان کے بقول، "میں نے بہت سوچا میں میرا مستقبل کیا ہو گا اور اس حوالے سے میں نے اپنی اہلیہ ساشا سے بھی بات کی اور ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ ہم اپنے متوقع بچے کے ساتھ زندگی کا نیا باب شروع کرنے والے ہیں۔”


ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے دست بردار ہونے پر معافی مانگ لی ہے۔

ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے دست بردار ہونے پر معافی مانگ لی ہے۔

ڈی کوک نے بیان میں مزید کہا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے بے حد لگاؤ رکھتے ہیں اور ریڈ بال کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا انہیں پسند ہے لیکن اب وہ اپنی فیملی کو وقت دینا چاہتے ہیں۔

ڈی کوک نے واضح کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ وہ کرکٹ سے الگ ہو گئے ہیں۔ ان کے بقول وہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کھیلتے رہیں گے۔

ڈی کوک نے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ بھارت نے بدھ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کو 113 رنز سے شکست دے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے