اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوام کی معاشی بہتری کے لیے طویل اور قلیل المدتی منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم کی زیرِ صدارت میکرو اکنامک ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتِ حال اور عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گردشی قرضہ، غیر مستحکم مالی حالات اور نجی شعبے کے لیے کم مراعات کی پالیسیاں ورثے میں ملی ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کا مقابلہ کرنے میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی، کورونا کے دوران حکومتی اقدامات کی عالمی سطح پر بھی مبصرین نے تعریف کی۔
اس سے قبل اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورثے میں ملی مالی بحران سے نکلنے کے بعد معاشی استحکام کے مضبوط اقدامات اٹھائے گئے، کورونا وبا کے دوران بھی تمام علاقائی ممالک کے مقابلے میں زیادہ معاشی ترقی ہوئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ برآمدات میں 25 فیصد اور ٹیکس ریونیو میں 38 فیصد اضافہ ہوا، زرعی شعبے میں ریکارڈ آمدنی، صنعتی شعبے میں 950 بلین روپے کا منافع ریکارڈ کیا گیا، حکومت پالیسی کی وجہ سے آئی ٹی کے شعبے میں ترقی ہوئی، آئی پی پیز سے مذاکرات کے بعد ماہانہ گردشی قرضوں میں کمی دیکھی گئی۔

