چندی گڑھ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنچیت سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران احتجاج کرنے والے سکھ کسانوں کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق چرنچیت سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ نریندر مودی کے دورے کے دوران سیکورٹی کے ٹھوس اقدامات کیے گئے تھے۔ محض رکاوٹ کھڑی کرنے پر احتجاج کرنے والے کسی کسان اور پنجابی کے خلاف کارروائی نہیں کروں گا۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر وزیراعظم کو 10منٹ انتظار کرنا پڑا تو کوئی آفت نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین تو مودی کے پاس بھی نہیں گئے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ریاست پنجاب کے دورے پر گئے تھے اور انہیں فیروز پور میں ایک ریلی سے خطاب کرنا تھا۔ تاہم اس دوران راستے میں کسان مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاج شروع کردیا،جس کے باعث مودی کو 20منٹ تک پل پر انتظار کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد مودی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کو زندہ ائرپورٹ تک پہنچانے پر میری طرف سے شکریہ کہنا ۔

