English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انتظامیہ کا مختلف صحت مراکز میں ہیلتھ سروسز کی فراہمی کا فیصلہ

القمر

سکھر (نمائندہ جسارت)ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے ضلع کے مختلف اسپتالوں اور صحت مراکز میں ایمبولینس اور ڈاکٹرز کی تعداد میں اضافے اور ہیلتھ سروسز کی فراہمی کو 100 فیصد کرنے کا فیصلہ،نئے ڈپٹی کمشنر خیرپور سیف اللہ ابڑو نے محکمہ صحت، بنیادی صحت مراکز، پی پی ایچ آئی ، ڈائریکٹر گمس اسپتال، ڈی ایچ او سمیت دیگر متعلقہ افسران کو ڈی سی آفس خیرپور طلب کرلیا۔ اس سلسلے میں ڈی سی آفس خیرپور کے دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیرپور سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقے کے رہائشیوں کو صحت کی تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ افسران ذمے داری کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور 100 فیصد علاج معالجے کے نتائج حاصل کیے جائیں ۔ ڈی سی نے کہا کہ خیرپور میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں بستروں میں اضافے کے لیے جائزہ لے کر منصوبہ بندی کی جائے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیویٹ آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی ، کے ایم سی اسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رخسار شاہانی ، ٹی ایچ اوز، پی پی ایچ آئی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ سیف اللہ ابڑو نے محکمہ صحت ،ان سے وابستہ تمام این جی اوزاور افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں غریب اور بے سہارا افراد سمیت تمام مریضوں کو صحت اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے اس سلسلے میں کوئی سمجھوتا قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے صحت مراکز میں ڈاکٹرزکی مقرری کے لیے مضبوط منصوبہ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقے کے بیمار افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں اور سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سے عوام مستفید ہو سکیں۔ اجلاس میں گمس اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی، ڈی ایچ او ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی ، پروفیسر رخسار شاہانی سمیت پی پی ایچ آئی کے نمائندوں سمیت تمام افسران نے تفصیل سے بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے