
دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے شمال مغربی حصے میں امریکی معاونت سے شامی جمہوری فورسز کی بمباری میں 13شہری جاں بحق ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق امریکی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد نے تُرک سرحد کے قریب ادلب کے علاقے اطمہ میں کارروائی کی۔ شامی شامی جمہوری فورسز کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران داعش کے مقامی سربراہ ابوابراہیم کو ہلاک کردیا گیا۔ واشنگٹن حکومت نے بھی اسے کامیاب کارروائی قرار دیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کارروائی کا مقصد داعش کے دہشت گردوں کو نشانہ بنانا نہیں تھا ، بلکہ شام میں مزاحمت کار ہدف تھے۔ مرنے والوں میں 4بچے اور 3خواتین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پینٹاگون کو ہدایت دی گئی تھی وہ حملوں میں شہری ہلاکتوں کو کم کرنے کے منصوبوں پر کام تیز کردے، تاہم حالیہ کارروائی واشنگٹن کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ شام میں 2011 میں حکومت کے خلاف مظاہروں سے شروع ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک ایک اندازے کے مطابق 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں ۔
