
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او سلمان نصیر نے کہا ہے کہ کہ پی ایس ایل کے حوالے سے اچھی خبریں سامنے آنے کی توقع ہے، امید ہے کہ این سی او سی 12سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دے گی جبکہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے مرحلے میں تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا جائے گا۔سلیمان نصیر نے کہا کہ پی سی بی اور این سی او سی حکام کے درمیان آج ہونے والا اجلاس بہت مفید رہا اور مختلف امور زیر غور آئے، این سی او سی نے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں کراچی میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ سلمان نصیر کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پرزور درخواست کی گئی ہے کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔ایک سوال کے جواب میں سلمان نصیر نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے بار بار اعلانات کے باوجود متعدد فیملیز کم عمر بچوں کو اپنے ہمراہ اسٹیڈیم لا رہی ہیں اور اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے اصرار کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے واضح طور پر پالیسی کے مطابق گزشتہ اتوار تک کلیم داخل کرنے والوں کی رقم واپس لٹانے کا اہتمام کیا ہے، تاہم اب کلیم داخل کرنے کا وقت گزر چکا، اس حوالے سے بورڈ نے بار بار یار توجہ دلائی تھی جب کہ تمام ٹکٹ ہولڈرز کو باقاعدہ پیغامات بھی جاری کیے گئے تھے۔