وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارے گندے انڈے مل کر آئیں، سب کو ٹھوکر دے کر ماریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج شہباز شریف اور آصف علی زرداری ایک ساتھ لنچ کر رہے ہیں، شہباز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح اور پیپلز پارٹی کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ آپ سب اکھٹے مل کر آئیں، آپ کے سیاست کے خاتمے کے دن ہیں، جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ لے کر ملک سے بھاگنے والا نہیں، میں اڈیالہ جیل میں جانے کو ترجیح دوں گا لیکن ملک سے فرار نہیں ہوں گا، جیل کاٹنا مشکل نہیں اب تو ووہاں بھی وسائل ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ وزارت کی وجہ سے نہیں، ایمانداری کی وجہ سے ہیں، ملک میں مسائل ضرور ہیں، عمرا ن خان چین میں ہیں، معاملات حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر کیا گزر رہی ہے، صرف کشمیر کا مسلمان پاکستان کی طرف نہیں دیکھ رہا بلکہ بھارتی مسلمان بھی دیکھ رہا ہے، پاکستان کے دشمنوں کو زیر کریں گے، ہماری ہمدردیاں مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، افغان طالبان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔

