واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرائن میں موجود تمام امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ روسی فوجی کارروائی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے متنبہ کیا ہے کہ مشرقی یورپ میںبہت تیزی سے حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماسکو یوکرائن پر حملہ کرتا ہے تو اس صورت میں وہ امریکیوں کو بچانے کے لیے وہاں فوج نہیں بھیجیں گے۔ واضح رہے کہ روس نے حال ہی میں بیلاروس کے اندر 10روزہ عسکری مشقیں شروع کردی ہیں،جس کے بعد امریکا اور اس کے اتحادی مغربی ممالک میں شدید تشویش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔ کریملن کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ سابق سوویت یونین کا اس کا ہمسایہ ملک یوکرائن نیٹو میں شامل نہ ہونے پائے۔
