اسلام آباد: چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینٹ کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کومسترد کردیا۔
سینٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہے، پٹرول اب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکا ہے، حکومت مزید عوام پر بوجھ نہ ڈالے، حکومت ٹیکس کلیکشن نظام کو بہتر کرے۔
قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اب تک متعدد بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرچکے ہیں، اب آخری بار پیٹرول میں اضافہ نہیں ہوا اس کے بعد بھی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوتے رہیں گے، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
دوسری جانب قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اپوزیشن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، گزشتہ 2 ماہ میں عالمی مارکیٹ میں 35 فیصد اضافہ ہوا، آج عالمی مارکیٹ میں 93 ڈالر فی بیرل تیل کی قیمت ہے، حکومت نے لیوی ٹیکس میں کمی اور سیلز ٹیکس کو صفر کیا۔
ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ حکومت جتنا بوجھ اٹھا سکتی ہے وہ اٹھا رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلی بار کم یا زیادہ نہیں ہو رہیں، پچھلی حکومتوں کے دور میں ایسے حالات آتے رہے ہیں، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی سے پاکستان میں قیمتیں کم ہو جائیں گی ۔
