راولپنڈی (آن لائن)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اس وقت بظاہر حکومت کو تحریک عدم اعتماد اور اپوزیشن کے لانگ مارچ جیسے 2اہم ایشوز کا سامنا ہے لیکن حکومت کے لیے اپوزیشن سے کوئی مسئلہ نہیں اصل مسئلہ مہنگائی ہے لیکن مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ ہے ،اپوزیشن،ن لیگ اور پی ڈی ایم انتشار کا شکار ہیں ،اپوزیشن اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کی کوشش کر رہی ہے لیکن راولپنڈی ،اسلام آباد ایک پیچ پر ہیں ،آرمی چیف کے مدت میں توسیع حکومت اور اپوزیشن کا مشترکہ فیصلہ تھا ،آرمی چیف کے توسیع میں وہی فیصلہ ہوگا جو قوم کے مفاد میں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے سیکرٹریٹ میںپریس کانفرنس کے دوران کیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ اپوزیشن3سالوں سے عدم اعتماداور لانگ مارچ کرکے حکومت کو گرانے کی بات کر رہی ہے اب بھی پی ڈی ایم اور پی پی پی نے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اس کے باوجودوزراتوں نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے پرفارمنس کا معیار قائم رکھا ،اپوزیشن نے استعفا لینے اور دینے کا دعویٰ کیا مگر استعفا نہیں دیا، ان دھرنوں سے لوگوں کی تکلیف کے علاوہ اپوزیشن کو فائدہ نہیں ہوگا،انہوں نے کہا کہ چند دنوں کے لیے سندھ اور مدرسوں کے بچوں کو اسلام آباد دیکھنے کا موقع ملے گا، عدم اعتماد کی تحریک کو وزیراعظم نے مقابلے کا اعلان کر رکھا ہے ،حکومت گرانے کی باتوں سے غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوتی ہے ،ملکوں کے لیے غیر یقینی زہر قاتل ہے ،ماضی میں بھی ٹاک شوز میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی حکومت گرانے کی باتیں ہوتی تھی ،کرپشن کی وجہ سے نوازشریف وزیراعظم نہیں رہے ،پرویز مشرف دور میں بھی اسمبلیوں نے مدت پوری کی، عدم اعتماد کی تحریک لانا اپوزیشن کا حق ہے، سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد لانے پر اپوزیشن کو شکست ہوئی۔ اپوزیشن نے اتحادیوں کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہی۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن،ن لیگ اور پی ڈی ایم میں انتشار کا شکار ہے، اپوزیشن کرمنلز کی جماعتیں ہیں ان کے خلاف کیس ہیں ا۔نہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہ واضح ہے کہ اپوزیشن سے اسٹیبلشمنٹ کی کوئی ڈیل نہیں ہورہی، راولپنڈی اسلام آباد ایک پیچ پر ہے، اسٹیبلشمنٹ بھی اسٹیک ہولڈرز ہے۔
