لاہور (نمائندہ خصوصی) پی ایس ایل 7 کے بعد اب پاکستان کپ بھی ڈومیسٹک کرکٹ کے باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔2 مارچ سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی آسٹریلیا کے تاریخی دورہ پاکستان میں شامل وائٹ بال سیریز کا حصہ بن سکتے ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کو 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے بعد 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے پاکستان کپ میں شریک تمام 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔ پی ایس ایل 7 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان فاسٹ بلرز زمان خان ، سلمان ارشاد اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کے علاوہ حال ہی میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ اور ایشیا کپ انڈر 19 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والیکپتان قاسم اکرم، وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان اور مہران ممتازکو بھی اعلان کردہ اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔
