اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علو ی نے یونیورسٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں گریجویٹس میں اضافہ اور آن لائن تعلیم کے فروغ کے لیے اپنے تعلیمی نظام کی وسعت اور مواقع میں اضافہ کریں، دنیا کی بڑھتی ہوئی ضروریات پر پورا اترنے کے لیے اعلیٰ تعلیمی نظام میں آن لائن تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو سرحد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پشاور کے14ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ 2030ء تک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں 8کروڑ گریجوایٹس کی ضرورت ہو گی۔ پاکستان کے لیے سب کو تعلیم کی فراہمی ، ترقی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ آن لائن تعلیم اس مقصد کو تیزی سے حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے صدارتی اقدام کو اہم قدم قرار دیا جو کہ ٹیکنالوجی کو اپنا کر ملک میں تعلیم، تحقیق اور کاروباری نظام کے لیے انقلابی ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جو ملک کے لیے ترقی کا بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ علاوہ ازیںصدر مملکت عارف علوی نے ایوان صدر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار اور کارکردگی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ٹیکس گزاروں کی سہولت اور مسائل کے حل کے لیے بہترین کردار ادا کررہا ہے،ٹیکس کلچر کو عام کرنے اور اسے آسان بنانے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی اور ٹیکس کی ادائیگی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اہم دستاویزات کو محفوظ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
