English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹیسٹ سیریز: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری

القمر

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے اور اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 105 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کے بیٹنگ کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔

عبداللہ شفیق 44 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر کیچ دے بیٹھے جس کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار اظہر علی کریز پر موجود ہیں۔

پہلے دن کھانے کے وقفے تک 35 اوورز کا کھیل ہوا جس میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 105 رنز بنا لیے، جس میں امام الحق کی نصف سنچری بھی شامل ہے۔

قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی بیٹنگ سائیڈ کی جانب سے پہلے ٹیسٹ کے لیے اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق میدان میں اترے ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس تاریخی ٹیسٹ میچ کے پہلے اور دوسرے روز مطلع صاف رہنے کی پیش گوئی ہے البتہ آخری تین دن ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین جگہ ہے، ٹوڈ گرین برگ

میچ سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے، پی سی بی چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو نے پریس کانفرنس کی۔

پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ہمارے کرکٹرز پاکستان میں بہت خوش ہیں، پاکستان کرکٹ کے لیے بہترین جگہ ہے، پاکستانی عوام کرکٹ سے بےپناہ محبت کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے نے کہا کہ آج بہت تاریخی دن ہے، پاکستان میں ہمارا بہت گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، شاندار استقبال کرنے پر ہم پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت سب کے شکرگزار ہیں۔

پریس کانفرنس میں پی سی بی چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے، فخر محسوس کررہا ہوں کہ میرے ساتھ کرکٹ آسٹریلیا کے عہدیداران بیٹھے ہیں، پاکستان کے کرکٹ مداح آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

فیصل حسنین نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا سیریز سے دنیا کو مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا، پاکستان کے کرکٹ مداحوں نے آسٹریلیا کو دیکھنے کے لیے 24 سال انتظار کیا، دونوں ممالک کے درمیان بہترین معیار اور کانٹےدار کرکٹ سیریز ہونے والی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان، صرف کرکٹ کے لیے ہی اہم نہیں بلکہ دونوں ممالک کے بورڈز کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے، آج کا دن ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ایلرڈائس کا پریس کانفرس میں کہنا تھا کہ آسٹریلیا ٹیم کا دورہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے اہم ہے، دونوں ٹیموں کےدرمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے 1998 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ ان وکٹوں کے حوالے سے زیادہ معلومات نہیں رکھتے البتہ راولپنڈی کی وکٹ عمومی طور پر فاسٹ باؤلرز کو سپورٹ کرتی ہے اور آسٹریلین پیس اٹیک کے لیے سازگار ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم 24سال بعد پاکستان آئی ہے، دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں 4 مارچ سے 8 مارچ تک پہلا ٹیسٹ میچ کھلیں گی، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ کراچی اور تیسرا لاہور میں 21 مارچ سے 25 مارچ تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون: کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ

آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون: کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لیبسچینج، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس گرے، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ

منبع: ڈان نیوز

The post ٹیسٹ سیریز: پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری appeared first on شفقنا اردو نیوز.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے