کراچی(اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مزاحمتی اننگز کھیلنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ ٹیم کو دبائو سے نکالنے کی کوشش کررہا تھا، کراچی ٹیسٹ میں شکست سے بچنے کے لیے پرامید ہیں۔ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق نے ورچوئل پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں جلد2 وکٹیں گنوا دینے کے بعد کپتان بابراعظم اور میں نے موقع کی نزاکت دیکھ کر بیٹنگ کی جس کے باعث دبا قدرے کم ہوگیا ہے۔عبداللہ شفیق نے کہا کہ 5ویںروز کے کھیل کا آخری سیشن دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہوگا، زیادہ سے زیادہ وکٹ پر رک کر وقت گزارنے کی کوشش کریں گے۔ میچ کے فیصلہ کن رہنے کا قوی امکان ہے۔سوال کے جواب میں نوجوان اوپنر کا کہنا تھا کہ کپتان سے طے ہوا تھا کہ ریورس سوئنگ کا خطرناک مرحلہ گزارنا ہوگا، میرے لیے سنچری سے زیادہ ٹیم کی جیت اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ آسٹریلوی بولرز پریشان ہیں، وہ دنیا کے بہترین بولرز ہیں، ہم مہمان ٹیم کی بولنگ کو آسان نہیں لے رہے وہ دبا بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔