دیربالا: خیبر پختون خواہ کے علاقہ کوہستان میں ہائی ایس گاڑی کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختون خواہ کے ضلع دیر بالا کے علاقے دیر کوہستان میں ہائی ایس گاڑی کھائی میں جاگری، حادثے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جب کہ پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، اور زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال دیر منتقل کیا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں بھی 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں میں تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمیوں کے بیان میں پتہ چلا ہے کہ ہائی ایس مردان سے کلاکوٹ جارہی تھی، کہ راستے میں پاتراک چالال کے مقام پر حادثے کی شکار ہو گئی۔
دوسری جانب وزیر اعلی محمود خان نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور تعزیت کی ہے، اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
