لاہور: وزیر اعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کل بھی وزیراعظم عمران خان کا سپاہی تھا اور آج بھی ان کا سپاہی ہوں، وزیراعظم عمران خان جیسے لیڈر کسی بھی قوم کا فخر ہوتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی صورتحال میں نے خود وزیراعظم کو استعفے کی آفر کی، اب میرے استعفے پر فیصلہ وزیراعظم نے کرنا ہے، اگر پارٹی پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے تو ہم پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جس میں ڈاکٹر اختر ملک، خیال احمد کاسترو، اشرف رند، نیاز احمد، عامر نواز چانڈیا اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں جتنا کام کیا شاید اتنا میڈیا پر تشہیر نہیں کرسکے، میڈیا پر وہ باتیں نہیں پہنچاسکے جو کام کررہے تھے، وقت بتائے گا کہ ہم نے کتنا ڈلیور کیا ہے، قمست کی باتیں جس کے نصیب میں جو لکھا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے جب کہ اللہ نے جتنی عزت مجھے دی شاید کسی کو ملی ہو، خوش قمست ہوں پہلی بار ایم پی اے بنا اور وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوگیاہے ۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، کپتان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
