ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

کراچی میں بجلی کی قیمت میں 3.27 روپے یونٹ اضافہ۔سندھ حکومت کی مذمت

اسلام آباد‘کراچی ( آن لائن+اسٹاف رپورٹر )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیا۔نیپرانے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 3 روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے اور بجلی کی قیمت میں اضافہ جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔نیپراحکام کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق اپریل کے بلوں میں ہو گا اور کراچی کے بجلی صارفین پر 3 ارب 58 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی تجویز پیش کر دی۔فروری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر نیپرا میں سماعت مکمل ہو گئی۔جس میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے 68 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ریلیف پیکج کے باعث صارفین پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔نیپرا حکام کے مطابق فروری میں ہائیڈل سے 14 فیصد کم بجلی پیدا کی گئی اور اس کمی کو فرنس آئل اور ایل این جی پیداوار سے پورا کیا گیا لیکن عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔نیپرا سندھ کے رکن رفیق شیخ نے کہا کہ سابقہ ایڈجسٹمنٹ کا آڈٹ کرائیں جبکہ سی پی پی اے اور نیپرا کے اعداد و شمار میں ہر ماہ بڑا فرق آتا ہے ۔ نیپرا حکام کے مطابق ایل این جی کی قلت سے ایک ارب 37 کروڑ 40 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا ہے اور بجلی صارفین پر 17 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ آیا ۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ملک میں 5 ہزار 372 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے اور فیول کی قلت سے 2 ہزار 139 میگاواٹ بجلی کم پیدا ہو رہی ہے۔ کے ٹو ٹرپ ہوا ہے جبکہ کے تھری ابھی مکمل آپریشنل نہیں ہوا اور گزشتہ روز چشمہ میں سی ون میں بھی کوئی فالٹ آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 5 ہزار 372 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے جبکہ حکومت 40 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت کا دعویٰ کرتی ہے لیکن اگر 5،7 ہزار میگاواٹ کم ہو بھی گئی تو فرق نہیں پڑنا چاہیے تھا۔علاوہ ازیںوزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ ظالم حکومت کا کراچی کے عوام پربجلی مہنگی کرنا آخری وار ہے۔انہوں نے بجلی کی قیمت میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نااہل اور نکمی حکومت نے جاتے جاتے کراچی کے عوام کو بجلی کا بڑا جھٹکا لگادیا،3 روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافہ کراچی کے عوام پر ظلم ہے، کے الیکٹرک صارفین پر اضافہ مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں ہر ماہ اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا ڈالا جاتا ہے،قیمت میں اضافے سے عوام کی جیبوں پر 3 ارب 58 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔امتیاز شیخ نے کہا کہ حکومت کو عوام کی معاشی مشکلات اور پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ہے، عمران خان کی اے ٹی ایمز کی جیبوں کو بھرنے کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں