اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن سیاسی موت مرگئی، عمران خان15دن تک مزید وزیر اعظم رہ سکتے ہیں ، خواہش ہے کہ صوبوں کی اسمبلیاں بھی تحلیل کردی جائیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل سے پاکستان کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جب کہ بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے، بھارت کا خیال تھا ان کے بزنس پارٹنر آجائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی موت مر گئی ہے،اپوزیشن نے عمران خان کو مقبول بنا دیا ہے،آئندہ عام انتخابات میں عمران خان 2 تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔ انہو ں نے کہا ہم نے 172 بندوں کے لیے 20 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق عمران خان 15 دن تک مزید وزیر اعظم رہ سکتے ہیں، اس دوران انہوں نے بہت سارے کام کرنے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اب مارشل لا کے حالات نہیں لیکن مسلح افواج کی سب پر نظر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3 تجاویز میں بڑوں کی بھی رائے شامل تھی، ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی تھی، نئے الیکشن کے لیے 2 ماہ سے کہہ رہا تھا، سوچ بچار کے بعد نئے انتخابات کا راستہ اپنایا جائے، میں نے اپنا دفتر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس بھی عدالت میں جائے،عدالت عظمیٰ اسپیکر کے خلاف نہیں جائے گی ، جلد نگران سیٹ اپ آ جائے گا، الیکشن شفاف ہوں گے، ہم مقابلہ کریں گے، بعض لوگ جیت کر بھی ہارتے ہیں اور بعض لوگ ہار کر بھی جیتتے ہیں ، قوم کی ساری دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، آج سے کھیل شروع ہوا ہے دیکھیں یہ کتنے دن کھیلتے ہیں، ہمیں بھر پور کوشش کرنی ہے کہ آئینی، قانونی اوراقتصادی معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے مقابلہ کریں۔
