اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز)سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مکمل غیر قانونی تھی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مکمل غیر قانونی تھی،دیکھتے ہیں اب عدالت کیا کہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اتنا شوق ہے تو الیکشن کے لیے بھی تیار ہیں۔صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ کیا آپ کو خدشہ تھا کہ یہ اسمبلیاں بھی تحلیل کر سکتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ دوستوں کی سوچ تھی دوستوں کی سوچ پر چلنا پڑتا ہے،ہماری نظر میں آئینی طور پر ایسا نہیں ہوسکتا۔تحریک عدم اعتماد کے موقع پر قومی اسمبلی پہنچنے پران سے سوال کیا گیا کہ اجتماعی استعفے دیے جا رہے ہیں کیا کوئی بحران تو پیدا نہیں ہو گا۔آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہم سب بحرانوں سے نمٹ لیں گے اور ان بحرانوں کے سامنے کھڑے ہوں گے۔
