English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میرپورخاص،پانی چوری کا نوٹس ڈائریکٹر نارا کینال ایریا واٹربورڈ تبدیل

القمر

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) پانی کی چوری پر سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر نارا کینال کو تبدیل کر کے منصور میمن کو تعینات کر دیا جبکہ داروغے کو معطل کر دیا، گزشتہ روز مشینیں لگا کر پانی چوری کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد حکومت سندھ نے ایکشن لیا ۔تفصیلات کے مطابق آٹھ اضلاع کی زمینوں کو سیراب کرنے والی نارا کینال کے ٹیل میں زرعی پانی تو کجا پینے کے پانی کی شدید کمی اور میرپورخاص شہر کی دس لاکھ کی آبادی کو پینے کا پانی فراہم کرنے والی جرواری شاخ کے ذریعے ملنے والا آبپاشی ملازمین کی ملی بھگت سے زمینداروں کو فروخت کرنے کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد حکومت سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر نارا کینال ایریا واٹر بورڈ جاوید حکیم میمن کو ہٹا کر ان جگہ پر منصور میمن کو ڈائریکٹر نارا ایریا واٹر بورڈ مقرر کر دیا گیا جبکہ جرواری شاخ پر تعینات داروغہ غلام مصطفی تالپور کو معطل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پانی چوری کرنے والے زمینداروں اور ملوث آبپاشی ملازمین کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا ہے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ میرپورخاص شہر میں گزشتہ دو ہفتوں سے پینے کے پانی کا بحران ہے اور شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد جرواری شاخ میں پانی چھوڑا گیا تھا جس کے بعد محکمہ آبپاشی کے ملازمین کی ملی بھگت سے زمینداروں کو لفٹ مشینوں کے ذریعے پانی فروخت کیا جا رہا تھا اور شہر میں پینے کے پانی کا بحران برقرار تھا حکومت سندھ کے اس اقدام سے شہریوں کو امید ہو چلی ہے کہ اب شہریوں کو پینے کا پانی میسر آ سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے