لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے جعلی اکائونٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں27 اپریل تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا سمیت ملزمان کو دوبارہ طلب کر لیا۔اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے کیس کی سماعت کی۔پیر کو سماعت پر شہباز شریف کی طرف سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ شہباز شریف اسلام آباد میں اسمبلی اجلاس کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، استدعا ہے کہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔عدالت نے شہباز شریف کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی جبکہ حمزہ شہباز نے پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کرائی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم پیش نہیں ہوسکتی ،اس حوالے سے انہیں کوئی ہدایت نہیں ملی ۔ایف آئی اے کے خصوصی پراسیکیوٹرز کے پیش نہ ہونے کے باعث مزید کارروائی نہ ہوسکی۔عدالت نیکیس کی مزید سماعت اور شہباز و حمزہ کی عبوری ضمانتوں میں بھی 27 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان کو وکلا سمیت دوبارہ طلب کر لیا۔
