English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اختیارات بحال ،وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج ہوگا

القمر

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرنے کے خلاف دائر مسلم لیگ (ق) کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ آج پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ہو گی ، متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز اور تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔دونوں جانب سے ہی اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کیے جارہے ہیں۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس، جواد حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مسلم لیگ (ق) اور پرویز الٰہی کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر 4 گھنٹے طویل سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔بعد ازاں عدالت نے 31 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں پرویز الہٰی اور مسلم لیگ (ق) کی انٹرا کورٹ اپیلیں خارج کردی گئیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرسکتے ہیں، عدالت نے 2 روز قبل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات بحالی کے فیصلے کو برقرار رکھا۔عدالتی فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قائد ایوان کے الیکشن کے روز غیر ملکی میڈیا، مبصرین، فافن، پلڈاٹ اور ملکی میڈیا کو کوریج کی سہولیات فراہم کریں۔ عدالت نے مزید کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے کی پاسداری کریں گے جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوران ووٹنگ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کریں وزیراعلیٰ کے انتخاب شفاف اور غیر جانبدار انداز میں کرایا جائے۔ فیصلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ دوست مزاری کو قانون کے مطابق اجلاس کی صدارت کرنے کا حق حاصل ہے، الیکشن کے دوران آئی جی پنجاب رکاوٹ کے خدشات کو دور کریں گے جبکہ دوست مزاری کا اختیار ہے ہے کہ وہ الیکشن کرائیں۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے 24 منحرف اراکین اسمبلی کو بازیاب کرانے سے متعلق کیس میں قائمقام سی سی پی او لاہور نے رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی۔ رپورٹ میں قائمقام سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ پولیس کو کسی ایم پی اے کے اغوا یا غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، جیسے ہی کسی رکن صوبائی اسمبلی یا اسکی فیملی سمیت دیگر کی کوئی شکایت موصول ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔جسٹس وحید خان نے صوبائی وزیر سبطین خان کی درخواست پر کارروائی 18اپریل تک ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے