کراچی(سید وزیر علی قادری)حکومت کی تبدیلی پر 3سال سے تعطل کا شکار پاکستان کرکٹ بورڈ کا سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس مئی کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے۔اس سے قبل آخری مرتبہ میٹنگ نجم سیٹھی کے دور میں ہوئی تھی۔ نئے آئین کے تحت گزشتہ 3 سال میں بورڈ جنرل باڈی میٹنگ نہ کرا سکا۔، کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور کا انتخاب اب تک نہیں ہو سکا ہے جس کی وجہ سے اجلاس میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور شریک نہیں ہو سکیں گے۔ جنرل باڈی اجلاس میں چیئرمین پی سی بی، چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بلائنڈ کرکٹ کونسل اور ڈیف کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرو بھی اجلاس میں شامل ہوں گے۔اجلاس میں چئیرمین پی سی بی رمیز راجا رپورٹ پیش کریں گے، اجلاس میں آڈٹ اور فنانشل رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ، انتظامی امور میں مالی بے قائدگیاں اور بے ضابطگیاں موضوع بحث رہی ہیں۔ رمیز راجا نے گزشتہ سال ستمبر میں پی سی بی کے چئیرمین کا عہدہ سنبھالا تھا اور کپتان خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد بننے والی نئی حکومت کے قیام کے بعد وہ کافی پریشان نظر آرہے تھے لیکن دوستوں کے مشورے کے بعد انہوں نے از خود استعفی دینے کا ارادہ ترک کردیا تھا اور اب وہ خاصے مطمئن نظر آرہے ہیں ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے 3سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی تعطل کا شکار جنرل باڈی کا اجلاس بلانے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ رمیز راجا کو کرسی سنبھالے ہویے محض 8ماہ ہویے ہیں لہذا جس مالی و انتظامی بے قائدگیوں یا مالی بے ضابطگیوں کی بات کی جارہی ہے وہ احسان مانی اور وسیم خان کے دور کی ہے۔ زرائع کے مطابق اجلاس میں گرما گرم بحث کا بھی قوی امکان ہے۔
