کراچی (سید وزیر علی قادری) عالم اسلام جہاں عید کی خوشیاں منارہی ہے وہیں کھیلوں سے وابستہ تنظیمیں ، کھلاڑی اور آرگنائزرز نے اس موقع پر مبارکباد کے پیغامات بیجھے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس موقع پر عید کارڈ کے زریعے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے برطانیہ سے مسلم کمیونٹی کو عید مبارک کا پیغام دیا ہے ۔ لنکاشائر کائونٹی کی طرف سے کھیلنے والے پاکستانی بولر حسن علی نے کہا کہ میری اور لنکاشائر کی جانب سے برطانیہ میں موجود پاکستانیوں اور تمام مسلم کمیونٹی کو عید مبارک ہو۔ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے ہیرو نے پیغام میں مزید کہا کہ آپ سب خوش رہیں۔یاد رہے کہ حسن علی ان دنوں کائونٹی چیمپئن شپ میں لنکاشائر کانٹی کی نمائندگی کے لیے برطانیہ میں موجود ہیں۔حسن علی نے پہلے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں اور دوسرے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔لاہور سے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ عید کا اپنا مزہ ہے کیونکہ کورونا وباکی پابندیاں ختم ہو چکی ہیں، ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ کا خیال رکھنا ضروری نہیں ہے اس لیے پابندیوں کے بغیر شاپنگ کی، مزہ آ گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ 2020 اور 2021 میں بہت زیادہ لوگوں میں وبا کا خوف تھا، لاک ڈائون تھا ، پابندیاں بہت زیادہ تھیں، اس لیے مارکٹوں میں آنا جانا نہیں تھا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کورونا میں کمی آئی ہے اور کمی آنے کی وجہ سے اب پہلے جیسی پابندیاں نہیں رہیں اس لیے کھل کر گھوم پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عید پر شاپنگ کا بھی بہت مزہ آیا ، بچوں کے ساتھ شاپنگ کر کے انجوائے کیا لیکن میرا پھر بھی پیغام ہے کہ ہمیں احتیاط کرنی چاہیے ۔ عابد علی نے کہا کہ بچپن اور پروفیشنل لائف کی عید کا بہت فرق ہے ، پہلے والدین ہمارے لیے شاپنگ کر کے آتے تھے، ہمیں ساتھ لے جاتے تھے ہمیں عیدی ملا کرتی تھی لیکن اب اس کے برعکس ہے اب ہمیں بچوں کو شاپنگ کے لیے لے جانا پڑتا ہے اور ہمیں عیدی دینا پڑتی ہے لیکن پھر بھی بہت مزہ آتا ہے، عید ہی خوشیاں منانے کا نام ہے جتنی منائیں کم ہے۔پروفیسر راؤ جاوید اقبال، بانی و اعزازی سیکریٹری جنرل، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی نے اس موقع پر اپ]نے پیغام میں کہا کہ عید کی خوشیاں منائیں گے مگر ان لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں جو خودداری کی وجہ سے نہ ہاتھ پھیلاتے ہیں اور نہ ہی قطار بنا کر تھیلے وصول کرتے ہیں۔ ان لوگوں کی مدد تحائف کی صورت تحفہ کہہ کر کیجیے تاکہ انا مجروح نہ ہو۔مارخور کرکٹ کلب کے رشید عالم فاروقی نے کہا کہ اللّہ رب العزت ہم سب کو ایمان اور صحت کی زندگی عطافرمائے۔ اللّہ ہمیں اپنے آس پاس ضرورت مندوں کا خیال رکھنے کی توفیق عطافرمائیں آمین ۔ خار سے ڈاکٹر روزمن کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے موقع پر ہمیں اپنے سے نیچے والے لوگوں کو دیکھنا چاہیے ۔ عید ہمیں پیغام دیتی ہے کہ رمضان المبارک میں جو روزے اور عبادات اور روز و شب مشفقت کے ساتھ مسلمانوں نے جو ایک ماہ گزارا اس کا انعام رب العزت ہی عطا فرماتے ہیں۔