کراچی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت 15 مئی کو کراچی میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخابات، آنے والے بلدیاتی اور عام انتخابات کے حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ بھرپور تیاریاں شروع کردیں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں جلسہ عام کے مقام اور دیگر امور پر تفصلی غور و خوض کیا گیا اور ایک کمیٹی بنائی گئی جو آئندہ ایک سے 2 روز میں جلسے کے مقام اور دیگر معاملات کے حوالے سے ڈویژن کو بریفنگ دے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس بار بلدیاتی اور عام انتخابات میں کراچی میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلیے تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے علاوہ تمام ذیلی ونگز کے صدور و دیگر عہدیداروں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں پارٹی کے منشور کو عام عوام تک پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی۔
