کراچی: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور کئی علاقوں میں درجہ حررات 51 ڈگری تک جاپہنچا ہے،کراچی میں مئی کے مہینے میں گرمی کا 10سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہفتے کے روز سورج نے سب سے زیادہ قہر جیکب آباد میں ڈھایا، جہاں درجہ حرارت 51 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہید بے نظیر آباد میں 50.5 اور موئن جو داڑو میں 50 ڈگری کو چھو گیا، لاڑکانہ، دادو ، سکرنڈ اور سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔خیر پور میں 48.6، پڈعیدن میں 48.5، روہڑی میں 48، سکھر میں 47.5 اور مٹھی میں 46.5 جب کہ حیدرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.2 ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں ہفتے کو بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہی اور درجہ حرارت 42.8 تک پہنچ گیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہناتھا کہ ہفتے کو کراچی میں مئی کے مہینے میں گرمی کا 10 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔2012 میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ گرمی 1938 میں پڑی تھی، اس برس 9 مئی کو شہر کا درجہ حرارت 47.8 ریکارڈ کیا گیا تھا۔
