لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ سری لنکا میں ہی کرانے کی حمایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کرکٹ اور ایشین کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا گیا جس میں پی سی بی نے پیغام دیا کہ ایشیا کپ شیڈول کے مطابق سری لنکا میں کرانے کی حمایت کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف اختیار کیا کہ ایشیا کپ کا سری لنکا میں ہونے کا فائدہ ہے کیوں کہ ایونٹ سے سری لنکا کو ریونیو ملے گا جب کہ حال ہی میں سری لنکا میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی کامیاب رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے ایشین کرکٹ کونسل حکام کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی سری لنکا میں سیریز کے لئے موجود ہے اور پی سی بی کا موقف یہی ہے کہ ایشیا کپ سری لنکا میں ہی ہونا چاہیے۔بورڈ حکام نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ سری لنکا کرکٹ اور اے سی سی نے کرنا ہے لیکن پی سی بی نے اپنا موقف بتا دیا۔
