English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک میں اقلیتیں آزاد، تمام سہولیات میسر ہیں،صدر مملکت

القمر

 اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کی گرانقدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتیں ہمارے سماجی و قومی ڈھانچے کا اٹوٹ حصہ ہیں، حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے تمام تر کوششیں کرے گی۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 11 اگست پاکستان میں اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ پاکستان کی ترقی میں ہماری اقلیتوں کی گرانقدر شراکت کا اعتراف کیا جا سکے اور بطور قوم ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمارے عزم کا اعادہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے 1948 میں کیے گئے اس وعدے کی یاد دلاتا ہے کہ اس عظیم قوم کے ہر فرد کو اس کے مذہبی عقیدے سے قطع نظر مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہوگی، یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں زندگی کے تمام شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں اور پاکستان میں ان کے اپنے مذہب پر عمل کرنے کے حق کا تحفظ کیا گیا ہے۔ ان کے حقوق ہمارے آئین میں درج ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں اقلیتوں کی سہولت کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے، وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں ان کی نمائندگی ہے، اس کے علاوہ انہیں تمام سرکاری خدمات میں ملازمت کا کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ  اسی طرح یہ حکومت کے لیے ایک سمت متعین کرتی ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں کو ہمہ جہت سماجی و اقتصادی ترقی کے مقصد کے حصول اور قوم کی تمام برادریوں کے لیے برابری کا میدان فراہم کرنے کے لیے ترتیب دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے