لاہور:ملک بھر میں جاری غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور اس حوالے سے قومی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کردیا۔
قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں جاری غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کے باعث متعدد بیماریاں پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والوں کیلئے ہیپاٹائٹس بی اور سی کی ویکسین لازمی قرار دے دی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل عملہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ہسپتالوں میں ادویات کی وافر مقدار لازمی ہونی چاہیے جبکہ اس دوران بچوں، حاملہ خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
الرٹ میں یہ بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سانپ کے کاٹنے کے واقعات بڑھ سکتے ہیں اس لیے سانپ کے کاٹنے کی ابتدائی طبی امداد اور مکمل علاج کو ممکن بنایا جائے جبکہ سیلاب کے دوران مرنے والے افراد کی لاشوں کو 12 سے 48 گھنٹوں تک عارضی طور پر رکھنے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔
